اسلام آباد۔تحریک انصاف نے وزیراعظم کی مذاکرات کی پیشکش مسترد کر دی، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ حکومت کے خلاف چارج شیٹ طویل ہے، اس پیشکش کو قبول نہیں کیا جا سکتا۔
وزیراعظم شہباز شریف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وزیراعظم کا بیان ہمارے مطالبات سے ہٹ کر ہے، ہم نے اسیران کی رہائی کے لیے جوڈیشل کمیشن کے قیام کا مطالبہ کیا تھا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ابھی تک ہم نے مینڈیٹ کے معاملے پر بات بھی نہیں کی، وزیراعظم کی باتیں غیر متعلقہ ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر پاکستان تحریک انصاف کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے پارلیمانی کمیٹی بنانے کی پیشکش کی تھی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہیں، آئیں پارلیمانی کمیٹی بنائیں اور معاملات کو آگے بڑھائیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی سے نیک نیتی کے ساتھ مذاکرات کیے گئے، مگر 28 تاریخ کے اجلاس سے قبل ہی تحریک انصاف پیچھے ہٹ گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا انتخابات پر جوڈیشل کمیٹی بنانے کا مطالبہ غیر ضروری ہے، 2018ء کے انتخابات کے لیے جو کمیٹی بنی تھی، وہ بھی اپنا کام کرے اور فروری 2024ء کے انتخابات کے لیے بھی ایک کمیٹی تشکیل دی جائے تاکہ حقائق سامنے آ سکیں۔