کولمبو۔آسٹریلوی اوپننگ بلے باز عثمان خواجہ نے پہلی بار ٹیسٹ میچ میں ڈبل سنچری بنا کر کئی اہم ریکارڈ اپنے نام درج کر لیے۔
انہوں نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں ڈبل سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔ عثمان خواجہ وہ پہلے آسٹریلوی بیٹر ہیں جنہوں نے سری لنکا کی سرزمین پر ڈبل سنچری اسکور کی۔
38 سالہ آسٹریلوی اوپنر نے 290 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے شاندار ڈبل سنچری مکمل کی۔
عثمان خواجہ سے پہلے سابق آسٹریلوی کھلاڑی مارک ٹیلر، گریگ چیپل، ڈین جونز، میتھیو ہیڈن اور جیسن گلیسپی ایشیا میں ڈبل سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔ یوں، وہ ایشیا میں ڈبل سنچری اسکور کرنے والے چھٹے آسٹریلوی بلے باز بن گئے۔
یہ بھی قابل ذکر ہے کہ ٹیسٹ کے پہلے روز کپتان اسٹیو اسمتھ ٹیسٹ کرکٹ میں 10 ہزار رنز مکمل کرنے والے آسٹریلیا کے چوتھے بیٹر بن گئے تھے۔ میچ کے دوسرے دن وہ 141 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
اننگز کے لحاظ سے دیکھا جائے تو اسٹیو اسمتھ 205 اننگز میں 10 ہزار رنز مکمل کرنے والے دنیا کے پانچویں بلے باز بنے، جبکہ مجموعی طور پر وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے 15ویں کھلاڑی ہیں۔