لاہور۔حکومت پنجاب نے رمضان المبارک کے موقع پر لاکھوں مستحق خاندانوں کو “نگہبان رمضان پیکج” فراہم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس پیکج کی شفافیت یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ نگہبان رمضان پیکج مستحق افراد کا حق اور حکومت کی ذمہ داری ہے، اور یہ حق عوام کو عزت و وقار کے ساتھ دیا جانا چاہیے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت منعقدہ خصوصی اجلاس میں اس پیکج کی منظوری دی گئی۔ اجلاس کے دوران مریم نواز نے ہدایت کی کہ شہری 15 فروری تک نگہبان رمضان پیکج کے لیے اپنی رجسٹریشن مکمل کروا لیں۔ انہوں نے اس پروگرام میں شفافیت برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔
نگہبان رمضان پیکج کو پنجاب کی تاریخ کا پہلا اور منفرد منصوبہ قرار دیتے ہوئے، اجلاس میں مختلف تجاویز اور سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی گئی کہ اس پیکج کے لیے “پی ایس ای آر” میں رجسٹریشن لازمی ہے۔ مستحق افراد گھر بیٹھے آن لائن پورٹل کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں یا قریبی یونین کونسل اور بلدیہ دفاتر میں رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔ مزید برآں، معاونت کے لیے ہیلپ لائن 080002345 بھی قائم کر دی گئی ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عوام کو قطاروں میں کھڑے ہونے پر مجبور کرنا ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے انتظامیہ اور حکام کو ہدایت کی کہ وہ اس کام کو اپنی ذمہ داری کے ساتھ ساتھ عبادت سمجھ کر انجام دیں اور رمضان المبارک کے دوران اللہ کی رضا کے لیے عوام کی خدمت کریں۔