لندن۔اسپنر یوزویندر چہل اور دھناشری ورما کے بعد بھارت کے سابق اوپنر وریندر سہواگ اور ان کی اہلیہ آرتی اہلاوت کے درمیان شادی کے بیس سال بعد علیحدگی کی افواہیں سامنے آئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، وریندر سہواگ اور آرتی اہلاوت نے ایک دوسرے کو فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ان فالو کر دیا ہے، جس کے بعد ان کے درمیان علیحدگی کی خبریں گئیں۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ دونوں کئی مہینوں سے ایک دوسرے سے الگ رہ رہے ہیں اور ان کے درمیان علیحدگی کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
وریندر سہواگ اور آرتی اہلاوت نے 2004 میں شادی کی تھی اور ان کے دو بیٹے ہیں: اریاویر اور ویدانت۔
یہ جوڑی ہمیشہ سہواگ کی کرکٹ کیریئر اور خاندانی زندگی میں توازن برقرار رکھنے کے لیے ایک مضبوط مثال سمجھی جاتی رہی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، اس سال دیوالی کے دوران سہواگ نے اپنے بیٹوں اور والدہ کے ساتھ سوشل میڈیا پر تصاویر شیئر کیں، مگر ان تصاویر میں آرتی کا کوئی ذکر یا تصویر شامل نہیں تھی، جس سے علیحدگی کی افواہیں مزید شدت اختیار کر گئیں۔
خیال رہے کہ سہواگ اور آرتی کی طرف سے ابھی تک علیحدگی کے حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا، مگر ان کی دوری اور حالیہ واقعات ان خبروں کو مزید تقویت دے رہے ہیں۔
اس سے قبل بھارتی اسپنر یوزویندر چہل اور دھناشری ورما کے درمیان علیحدگی کی خبریں سامنے آئی تھیں، تاہم دونوں نے ان خبروں کی تردید کی تھی۔
اسی طرح، بھارتی کرکٹر منیش پانڈے اور ان کی اہلیہ اداکارہ اشریتا شیٹی کے درمیان طلاق کی خبریں بھی زیر گردش ہیں، اور دونوں نے سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کو ان فالو کرتے ہوئے اپنی تصاویر بھی ڈیلیٹ کر دی ہیں۔