ممبئی ۔بالی ووڈ میں ایسے کئی ستارے ہیں جن کے درمیان اختلافات آج بھی موضوعِ بحث ہیں، جیسے سلمان خان اور وویک اوبرائے کا جھگڑا، جو 2003 سے چلا آ رہا ہے۔ تاہم، کرینہ کپور اور بوبی دیول کی اہلیہ تانیا دیول کے درمیان تنازع بھی بالی ووڈ کے مشہور تنازعات میں شامل ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ تنازع فلم “اجنبی” کی شوٹنگ کے دوران پیش آیا تھا، جہاں کرینہ کپور اور بپاشا باسو کے درمیان پہلے ہی اختلافات موجود تھے۔ ان کے جھگڑے میں تانیا دیول کی شمولیت نے صورتحال کو مزید خراب کر دیا۔
معاملہ اس وقت شروع ہوا جب کرینہ کپور نے اپنے ڈیزائنر وکرم کو بپاشا باسو کے لیے ملبوسات تیار کرنے سے منع کیا۔ تانیا دیول، جو بپاشا کی حمایت کر رہی تھیں، نے کرینہ کے اس رویے پر اعتراض کیا۔ اس دوران کرینہ کی والدہ ببیتا بھی بحث میں شامل ہو گئیں اور تانیا دیول سے تلخ کلامی کرنے لگیں۔
رپورٹس کے مطابق، اس کشیدہ صورتحال نے تانیا دیول کو اتنا مشتعل کر دیا کہ انہوں نے کرینہ کو تھپڑ مار دیا۔ اس واقعے نے نہ صرف کرینہ اور تانیا کے تعلقات متاثر کیے بلکہ بوبی دیول اور کرینہ کے تعلقات پر بھی منفی اثر ڈالا۔
جہاں کرینہ اور تانیا کے درمیان یہ تنازع طویل عرصے تک خبروں میں رہا، وہیں کرینہ اور بپاشا کے تعلقات بھی اس واقعے کے بعد مزید کشیدہ ہوگئے اور دونوں کے درمیان دوریاں آج بھی برقرار ہیں۔
بالی ووڈ میں یہ تنازع ان واقعات میں شمار ہوتا ہے جو انڈسٹری کی اندرونی پیچیدگیوں اور تعلقات میں تناؤ کی جھلک پیش کرتے ہیں۔