راولپنڈی ۔چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ریاست کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث عناصر، ان کے معاونین اور مالی سہولت فراہم کرنے والوں کا سختی سے خاتمہ کیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، آرمی چیف نے آج جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا کا دورہ کیا، جہاں انہیں موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
جنرل عاصم منیر نے افسران اور جوانوں سے ملاقات کے دوران ان کی بہادری، استقامت اور ثابت قدمی کی تعریف کرتے ہوئے انہیں قوم کے حقیقی ہیرو قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے ان بہادر سپاہیوں پر فخر کرتی ہے جو دہشت گردی کا جرات مندی سے مقابلہ کر رہے ہیں۔ شہداء ہماری قوم کا سرمایہ ہیں اور ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
آرمی چیف نے کہا کہ قوم کے تعاون سے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک میں دیرپا امن و استحکام کی بحالی کو یقینی بنائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کی ہر قسم کا مکمل خاتمہ ہمارا مشن ہے، جسے پورے عزم کے ساتھ پورا کیا جائے گا۔ پاکستان کی مسلح افواج کی بہادری اور غیرمتزلزل ارادہ ملکی سالمیت کا ضامن ہے۔
انہوں نے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں کی جرات و قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی بے لوث خدمات پوری قوم کے لیے باعث افتخار ہیں۔ انہوں نے فتنہ الخوارج کے خلاف پاک فوج کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔
دورے کے دوران، وانا پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔