اسلام آباد۔قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے حکومت اور تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹیوں کا پہلا اجلاس کل طلب کر لیا ہے۔
اسپیکر ایاز صادق کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے دونوں کمیٹیوں کے اراکین کو کل صبح ساڑھے 11 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں اپنے چیمبر میں ملاقات کی دعوت دی گئی ہے۔ انہوں نے وزیراعظم کی جانب سے کمیٹی کی تشکیل کا خیر مقدم کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا اور اسے مسائل کے حل کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا۔
ایاز صادق نے کہا کہ نیک نیتی سے حکومت اور اپوزیشن کو بات چیت کے لیے مدعو کیا ہے، اور اسپیکر کے دفتر کے دروازے ہمیشہ اراکین کے لیے کھلے ہیں۔ ان کے مطابق بات چیت اور مکالمے سے ہی تمام مسائل کا پائیدار حل نکالا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی کی تجویز پر حکومتی اتحاد کی مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ اس کمیٹی میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، رانا ثنا اللہ خان، سینیٹر عرفان صدیقی، راجہ پرویز اشرف، نوید قمر، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، علیم خان اور چوہدری سالک حسین شامل ہیں۔
دوسری جانب تحریک انصاف کی جانب سے عمر ایوب، اسد قیصر، سلمان اکرم راجہ، علی امین خان گنڈا پور اور صاحبزادہ حامد رضا کمیٹی کے رکن ہوں گے۔
گزشتہ رات تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اسپیکر قومی اسمبلی سے اپیل کی تھی کہ وہ مذاکرات کے عمل میں اپنا کردار ادا کریں اور حکومت کو بات چیت کے لیے قائل کریں۔