اسلام آباد۔وفاق المدارس نے مدارس بل کے حوالے سے ملک بھر میں عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اسلام آباد میں مفتی محمد تقی عثمانی کی زیر صدارت وفاق المدارس کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اجلاس میں اتحاد تنظیمات مدارس کے فیصلوں اور مؤقف کی توثیق کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ جمعہ کے خطبات، ختم بخاری کی تقریبات، اور مدارس کے سالانہ پروگراموں کے ذریعے عوام کو اتحاد تنظیمات مدارس کے مؤقف سے آگاہ کیا جائے گا۔
مجلس عاملہ نے اس بات پر زور دیا کہ مدارس رجسٹریشن بل جو قانون کا حصہ بن چکا ہے، اس کا گزٹ نوٹیفکیشن فوری طور پر جاری کیا جائے۔ مدارس کے معاملات میں رکاوٹیں اور تاخیری حربے ناقابل قبول قرار دیے گئے، اور مدارس کے تمام مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
اجلاس میں وفاق المدارس نے مولانا فضل الرحمٰن کو پارلیمنٹ میں مدارس کے مؤقف کو بھرپور انداز میں پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کیا اور ان کے کردار کی حمایت کی۔ اس موقع پر یہ عزم بھی دہرایا گیا کہ دینی مدارس کی آزادی اور خودمختاری ہر قیمت پر برقرار رکھی جائے گی اور کسی قسم کی بیرونی مداخلت یا ڈکٹیشن قبول نہیں کی جائے گی۔
مجلس عاملہ نے واضح کیا کہ تمام مدارس کے حقیقی بورڈز اور تنظیمیں ایک صفحے پر ہیں۔ اگر مدارس کے اصولی مؤقف کو تسلیم نہ کیا گیا تو تمام مکاتب فکر کی باہمی مشاورت سے مشترکہ لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔