وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے شرح سود میں کمی، مہنگائی اور افراط زر میں بتدریج کمی اور کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس میں اضافہ حکومت کی کامیاب اور مثبت معاشی پالیسیوں کا غماز ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس میں نمایاں اضافے سے پاکستان کی عالمی اقتصادی پوزیشن مستحکم ہوگی، اور اس کے نتیجے میں ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا۔
اس کے ساتھ ہی وزیراعظم نے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک اور حکومت کی معاشی ٹیم کو اس کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کی محنت اور عزم کو سراہا۔