اسلام آباد ۔وزیراعظم کے سیاسی امور کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ جب تک حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بات چیت نہیں ہوگی، یہ سسٹم صحیح طریقے سے نہیں چل سکتا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہم یہ بات اس وقت بھی کہہ رہے تھے جب کہا گیا تھا کہ ہم کسی کو نہیں چھوڑیں گے، اور پھر کہا گیا تھا کہ ایک کمیٹی بنائی جائے جس میں جس کا دل چاہے بات کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کو یہ پیغام دینا چاہیے کہ یہ کمیٹی موجود ہے اور ہم سیاسی مذاکرات کرنا چاہتے ہیں، اور ہم اس مقصد کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ ان کا یقین تھا کہ اس عمل کا کوئی نہ کوئی نتیجہ ضرور نکلے گا۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پانچ یا چھ ہفتے پہلے جب وزیر اعظم ایوان میں آئے تو انہوں نے اپوزیشن سے ہاتھ ملایا اور کہا کہ ہم مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔ اس کے بعد عمر ایوب نے جو جواب دیا وہ شیر افضل مروت کو بخوبی معلوم ہوگا۔
وزیراعظم کے مشیر نے یہ بھی کہا کہ 25 نومبر کی رات کو بھی مذاکرات کے لیے جیل میں رسائی دی گئی تھی، مگر اس وقت بھی اس تجویز کو تسلیم نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جن کی جانیں گئیں، ان کے لیے دونوں طرف افسوس ہونا چاہیے تھا۔