اسلام آباد۔وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے الزام عائد کیا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے غیر ملکی میڈیا کو بلا کر گمراہ کن معلومات فراہم کیں، اور ان کے الزامات بے بنیاد اور فساد پر مبنی ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کے بیانات کے حقائق قوم کے سامنے لانا ضروری ہے تاکہ عوام کو اصل صورتحال سے آگاہ کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کا طرز عمل ہمیشہ شرپسندی، دھمکیوں اور جھوٹے الزامات پر مبنی رہا ہے۔ 2014 میں انہوں نے پی ٹی وی پر حملہ کیا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنایا، جبکہ اپنے کارکنوں کو تشدد پر اکسایا اور خود موقع سے فرار ہو گئے۔
عطاء اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ اگلی کال پرامن نہیں ہوگی، لیکن حقیقت یہ ہے کہ ان کا کوئی بھی احتجاج پرامن نہیں رہا۔ انہوں نے ماضی میں جھوٹے بیانیے بنائے اور سوشل میڈیا پر جعلی تصاویر کے ذریعے عوام کو گمراہ کیا۔
انہوں نے بشریٰ بی بی پر بھی الزام عائد کیا کہ وہ اپنے کارکنوں کو اکساتی رہی ہیں لیکن علی امین گنڈاپور اور بشریٰ بی بی دونوں ڈی چوک پر کارکنوں کو چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ نو مئی کے واقعات کو قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی اور ان واقعات کے ذمہ دار افراد کو قانون کا سامنا کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکن سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف منفی پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ علی امین گنڈاپور نے غیر ملکی میڈیا سے گفتگو میں اعلان کیا تھا کہ وہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ہر فیصلے، بشمول سول نافرمانی، پر عمل کریں گے۔