ریاض۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی ریاض میں منعقدہ ون-واٹر سربراہی اجلاس کے دوران سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود کے ساتھ خوشگوار ملاقات ہوئی۔سعودی ولی عہد نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی۔
ون واٹر سربراہی اجلاس کے دوران وزیرِ اعظم اور محمد بن سلمان کے درمیان خوشگوار گفتگو ہوئی۔سعودی ولی عہد نے گزشتہ چھ ماہ میں پانچویں بار وزیرِ اعظم پاکستان سے ملاقات پر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان حقیقی محبت اور باہمی احترام کا مظہر ہے۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنا انتہائی ضروری ہے۔
سعودی ولی عہد نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعاون کا فروغ پاکستان کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی کے لیے کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر عملدرآمد کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیرِ اعظم نے ولی عہد کا شکریہ ادا کیا اور پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف نے ولی عہد کو پاکستان کا جلد دورہ کرنے کی دعوت دی۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیرِ اعظم کی دعوت کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد پاکستان کا دورہ کرنے کے منتظر ہیں۔