پشاور۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما زرتاج گل نے کہا ہے کہ پنجاب میں ان پر کمبل، چپل اور موٹر سائیکل چوری کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
عدالت میں پیشی کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زرتاج گل نے کہا کہ وفاقی حکومت کو شرم آنی چاہیے۔ ان پر پنجاب پولیس کی جانب سے کمبل، چپل اور موٹر سائیکل چوری کا مقدمہ درج کیا گیا ہے، جبکہ خواتین پر پولیس تھانوں پر حملے اور اسلحہ لہرانے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنما کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور ہمیں جیل کے چکر لگوائے جا رہے ہیں۔ ہمارے منڈیٹ کو چھین لیا گیا ہے اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی اور 26ویں آئینی ترمیم کے خلاف احتجاج کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ لوگوں کو شہید کیا گیا اور شہریوں کو غائب کیا گیا۔
زرتاج گل نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں، بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی کے درمیان پروپیگنڈا کرکے لڑائی کرائی جا رہی ہے۔ آپ لوگوں نے گولیاں چلا کر لاشیں غائب کیں، لیکن بانی پی ٹی آئی کا نظریہ گولی مارنے سے ختم نہیں ہو گا۔ حکومتی مشینری نے ہمیں روکنے کی کوشش کی، اور اگر ان پڑھ وزیر اعلیٰ پنجاب کے راستے کھلتے تو لوگوں کی تعداد کا پتہ چلتا۔
قبل ازیں پشاور ہائی کورٹ میں زرتاج گل کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس وقار احمد پر مشتمل دو رکنی بینچ نے فیصلہ سنایا۔ عدالت نے زرتاج گل کو 21 دن کی حفاظتی ضمانت دیتے ہوئے ان کے خلاف درج مقدمات میں گرفتاری سے روکنے کا حکم دیا۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ مقدمات کی تفصیل کے لیے متعلقہ عدالت سے رجوع کریں۔