نئی دہلی ۔بالی ووڈ کے معروف اداکار ابھیشیک بچن نے اپنی اہلیہ اور اداکارہ ایشوریا رائے کی بطور ماں کی قربانیوں اور ذمہ داریوں کی تعریف کی ہے۔ ایک بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق، ایک انٹرویو میں ابھیشیک نے کہا کہ وہ ایشوریا کے شکر گزار ہیں کیونکہ وہ انہیں اپنے کام کے لیے ایک سازگار ماحول فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی بیٹی آرادھیا کے ساتھ ایشوریا کی موجودگی گھر میں سکون کا باعث بنتی ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ ابھیشیک کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب بالی ووڈ کی اس مشہور جوڑی کے بارے میں طلاق کی افواہیں پھیل رہی تھیں، تاہم اداکار کے اس بیان کے بعد ان افواہوں پر پانی پھر گیا۔
ابھیشیک نے اپنے بچپن کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں کبھی بھی اپنے والدین کی غیر موجودگی کا احساس نہیں ہوا، حالانکہ ان کے والد امیتابھ بچن 1970 کی دہائی میں فلمی دنیا کے عروج پر تھے اور ان کی والدہ جیا بچن نے 1976 میں ان کی پیدائش کے بعد فلموں سے وقفہ لیا تھا۔
یاد رہے کہ ابھیشیک اور ایشوریا نے 2007 میں شادی کی تھی اور 2011 میں ان کی زندگی میں بیٹی آرادھیا آئی۔ ایشوریا نے بیٹی کی پیدائش کے بعد فلمی دنیا سے چار سال کا وقفہ لیا اور 2015 میں فلم “جذبہ” کے ذریعے واپسی کی۔
دوسری جانب ابھیشیک اپنی آنے والی فلموں “بی ہیپی”، “ہاؤس فل 5” اور “کنگ” کی ریلیز کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔