لندن۔آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈکپ سب ریجنل افریقہ کوالیفائر کے ایک میچ میں آئیوری کوسٹ کی ٹیم نے نائیجیریا کے 272 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 7 رنز بنا کر آؤٹ ہونے کا نیا ریکارڈ قائم کیا، اور یوں ٹی20 کرکٹ کی تاریخ میں سب سے کم رنز بنانے والی ٹیم بن گئی۔
کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق، نائیجیریا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بنائے۔ نائیجیریا کے سلیم سلاؤ نے 53 گیندوں پر 112 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا۔ اس کے علاوہ، سولیمن نے 50 اور آئزک نے 65 رنز کی اننگز کھی۔
آئیوری کوسٹ کے خلاف ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے آئیوری کوسٹ کی ٹیم 7.3 اوورز میں صرف 7 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، جس کے ساتھ ہی انہوں نے ٹی20 کرکٹ کی تاریخ میں سب سے کم رنز بنانے کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔ اس سے پہلے، کم ترین رنز کا ریکارڈ 10 رنز تھا، جو رواں سال ستمبر میں منگولیا اور سنگاپور کے میچ میں قائم ہوا تھا۔
آئیوری کوسٹ کے خلاف نائیجیریا کو 264 رنز سے کامیابی حاصل ہوئی، جو ٹی20 کی تاریخ میں رنز کے لحاظ سے تیسری بڑی فتح ہے۔ ٹی20 میں سب سے بڑی کامیابی کا ریکارڈ زمبابوے کے پاس ہے، جس نے گیمبیا کو 290 رنز سے شکست دی تھی۔ اس میچ میں زمبابوے نے 344 رنز بنائے اور مخالف ٹیم کو 54 رنز پر آؤٹ کر دیا تھا۔
رنز کے اعتبار سے دوسری بڑی کامیابی کا ریکارڈ نیپال کے پاس ہے، جس نے پچھلے سال ستمبر میں 314 رنز بنائے اور منگولیا کو 41 رنز پر آؤٹ کر کے 273 رنز سے فتح حاصل کی تھی۔