لاہور۔جاوید شیخ پاکستان کے معروف اور کامیاب اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں۔ فلموں اور ٹی وی میں ان کا کیریئر بہت شاندار رہا ہے اور ان کی حالیہ ڈرامہ سیریل “کبھی میں کبھی تم” نے نہ صرف پاکستان بلکہ کئی ہمسایہ ممالک میں بھی مداحوں کا دل جیتا ہے۔ کئی دہائیوں تک کامیابی کے جھنڈے گاڑھنے والے اس اداکار کی دو شادیاں ہو چکی ہیں اور دونوں ناکام ہو گئی ہیں۔
حال ہی میں جاوید شیخ نے ایک نجی ٹی وی شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی شادیوں کے ناکام ہونے کی وجہ سے اپنے بچوں کی زندگی میں آنے والی مشکلات پر بات کی۔
جاوید شیخ نے کہا کہ ان کی دو شادیاں ہو چکی ہیں، پہلی شادی اداکارہ زینت منگی سے ہوئی تھی جس سے ان کے دو بچے مومل اور شہزاد ہیں، جبکہ دوسری شادی اداکارہ سلمی آغا سے ہوئی تھی۔ دونوں شادیاں تین سال سے زیادہ نہ چل سکیں۔
جاوید شیخ نے اپنی زندگی کے اس تجربے کو تکلیف دہ اور ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ پہلی شادی کے ٹوٹنے کی وجہ سے ان کے بچے بہت پریشان ہوئے اور انھیں مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب مومل کی شادی ہو رہی تھی تو اس نے انہیں گھر آنے کی دعوت دی، اور وہ واپس آگئے۔ جاوید شیخ نے اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس سب کچھ تھا اور انہوں نے اپنے بچوں کی تعلیم اور شادی کے تمام فرض بخوبی انجام دیے، اور یہ ثابت کیا کہ وہ اس صورتحال کے ذمہ دار نہیں تھے۔