لاہور۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کے کامیاب انعقاد کے لیے پرعزم ہیں اور بھارت کے تحفظات کا حل نکالنے کا بھی ارادہ رکھتے ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کو پاکستان میں پرامن اور خوش اسلوبی سے منعقد کریں گے، اور اس حوالے سے آئی سی سی سے رابطے جاری ہیں، جس کے جواب کا انتظار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر بھارت کو کسی قسم کے تحفظات ہیں تو انہیں دور کرنے کی کوشش کریں گے۔
وہاب ریاض کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ان کی پی سی بی میں واپسی ممکن ہے، اور انہیں ایک اہم ذمہ داری سونپی جا سکتی ہے۔
محسن نقوی نے اس بات پر زور دیا کہ آئی سی سی کو اپنی غیر جانبدارانہ حیثیت کا خیال رکھنا چاہیے، اور ہائبرڈ ماڈل پر چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد قابل قبول نہیں۔
بھارتی دباؤ کے تحت آئی سی سی کی جانب سے پاکستان میں ٹرافی ٹور سے آزاد کشمیر اور بلتستان کو نکالنے پر بھی انہوں نے تشویش کا اظہار کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کھیل کو سیاست سے الگ رکھا جانا چاہیے اور کسی بھی ملک کو کھیل کے معاملات میں سیاست شامل نہیں کرنی چاہیے۔
ہیڈ کوچ کے حوالے سے چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ عاقب جاوید چیمپئنز ٹرافی تک ہیڈ کوچ کے طور پر اپنی خدمات انجام دیں گے۔