اسلام اباد ۔اسلامی نظریاتی کونسل نے وی پی این کا استعمال غیر شرعی قرار دے دیا۔ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل، علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کونسل کے جاری کردہ بیان میں وی پی این کا استعمال غیر شرعی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ حکومت کو شرعی لحاظ سے اختیار ہے کہ وہ برائی اور برائی تک رسائی کا سدباب کرے، غیر اخلاقی اور توہین آمیز مواد تک رسائی کو روکنے یا محدود کرنے کیلئے اقدامات کرنا شریعت سے ہم آہنگ ہے۔
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا ،ہے کہ اسلامی نظریاتی کونسل نے وی پی این کے حوالے سے سفارشات پیش کی تھیں جن پر عمل درآمد احسن اقدام ہے، وی پی این کا استعمال اس نیت سے کہ غیر قانونی مواد یا بلاک ویب سائٹ تک رسائی حاصل کی جائے تو یہ شرعاً ناجائز ہے، حکومت کا فرض ہے کہ ایسے ذرائع کے استعمال پر پابندی عائد کرے جو معاشرتی اقدار اور قانون کی پاس داری کو متاثر کرتے ہیں۔
چیئرمین کا کہنا تھا کہ، وی پی این کا استعمال ممنوعہ ویب سائٹس تک رسائی حاصل کرنے کیلئے کیا جاتا ہے جو حکومت کی طرف سے بلاک ہیں، وی پی این ایک تکنیکی ذریعہ ہے جس کے ذریعے صارفین اپنی اصل شناخت اور مقام کو خفیہ رکھ سکتے ہیں، ”شریعت کے اصولوں کے مطابق کسی بھی عمل کے جواز یا عدم جواز کا دارومدار اس کے مقصد اور طریقے پر ہے”، وی پی این کے ذریعے آن لائن چوری بھی کی جاتی ہے اور چور کا سراغ بھی نہیں ملتا، وی پی این کا بلاک شدہ یا غیر قانونی مواد تک رسائی کیلئے استعمال کیا جانا اسلامی اور معاشرتی قانون کی خلاف ورزی ہے۔