اسلام آباد ۔چیمپئینز ٹرافی میں بھارتی کرکٹ ٹیم کی عدم شرکت پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے وضاحت طلب کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق، حکومتی ہدایات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو ای میل کے ذریعے سوال اٹھایا ہے کہ “آپ نے زبانی طور پر بھارتی ٹیم کے پاکستان آ کر آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی نہ کھیلنے کا اعلان کیا، براہ کرم ہمیں تحریری طور پر بتایا جائے کہ بھارتی ٹیم پاکستان آ کر کھیلنے سے کیوں انکار کر رہی ہے؟”
بھارتی ٹیم کی پاکستان نہ آنے کی وجہ سے ابھی تک چیمپئینز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان نہیں کیا جا سکا، اور ٹورنامنٹ کے آغاز میں صرف 100 دن سے بھی کم وقت باقی ہے۔
پاکستان میں اسٹیڈیمز کی تزئین و آرائش آخری مراحل میں پہنچ چکی ہے، لیکن بھارتی کرکٹ ٹیم کے انکار نے ٹورنامنٹ کے انعقاد کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
دوسری جانب، حکومت پاکستان نے بھی بھارت کے انکار پر سخت موقف اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت کی جانب سے پی سی بی کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر بھارتی ٹیم پاکستان آنے سے انکار کرتی ہے تو پی سی بی بھارت کے ساتھ کسی بھی ایونٹ میں ٹیم نہ بھیجے۔
گزشتہ دنوں بھارتی ٹیم نے سیکیورٹی کے خدشات کا بہانہ بنا کر 2025 کی چیمپئینز ٹرافی کے لیے پاکستان آنے سے انکار کیا تھا، جس کے بعد دونوں کرکٹ بورڈز کے تعلقات مزید کشیدہ ہوگئے ہیں۔ اس صورتحال میں ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لیے “ہائبرڈ ماڈل” کی تجویز بھی سامنے آئی تھی، جس پر پاکستان نے سختی سے انکار کیا۔
بھارتی ٹیم کے انکار کے بعد چیمپئینز ٹرافی کا مستقبل غیر یقینی نظر آ رہا ہے۔ پاکستان نے اس ٹورنامنٹ کو اپنے ملک میں کرانے کے عزم کا اظہار کیا ہے اور اگر بھارت شرکت نہیں کرتا تو اس کی جگہ کسی دوسرے ملک جیسے سری لنکا کو شامل کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔