اسلام آباد۔آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 میں بھارت کی عدم شرکت کے باعث وفاقی حکومت نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کسی دوسری ٹیم کو مدعو کرنے کے بارے میں اقدامات کرے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پی سی بی حکام نے حکومتی مشورے پر قانونی رائے مشاورت مکمل کر لی ہے اور اب پی سی بی نے آئی سی سی کو ایک رسمی خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے پی سی بی کو پیغام دیا گیا ہے کہ بھارت کی جانب سے انکار کی صورت میں سری لنکا یا ویسٹ انڈیز کو بلانے کے حوالے سے اقدامات کیے جائیں۔
ایکسپریس ذرائع کے مطابق حکومت نے پی سی بی کو بھارت کے حوالے سے اپنی پالیسی کی واضح ہدایات دے دی ہیں، جس کی بنیاد پر آئی سی سی سے بھارت کے انکار کی تفصیلات طلب کی جائیں گی۔
مزید پڑھیں: چیمپئنز ٹرافی، بھارت کے انکار پر پاکستان کبھی انڈیا سے میچ نہیں کھیلے گا، حکومت کا سخت موقف
آئی سی سی نے پی سی بی کو بھیجے گئے ای میل میں بتایا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے زبانی طور پر اپنے انکار سے آگاہ کیا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا پاکستان کے بغیر نہیں ہو سکتا، اور بھارت کے ساتھ پاکستان کی اہمیت بھی اتنی ہی ہے۔ حکومتی حکام نے پی سی بی کو ہدایت دی ہے کہ اس مسئلے پر دوسرے کرکٹ بورڈز کو بھی اعتماد میں لیا جائے، اور یہ پیغام دیا جائے کہ پاکستان نے ہمیشہ مثبت رویہ اختیار کیا ہے، لہٰذا بھارت کے پاس اخلاقی اور قانونی طور پر یہ جواز نہیں رہتا کہ وہ پاکستان کے ساتھ کھیلنے سے انکار کرے۔
یاد رہے کہ 1996 میں آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز نے سری لنکا میں کھیلنے سے انکار کیا تھا، اور 2003 میں نیوزی لینڈ نے کینیا اور انگلینڈ نے زمبابوے میں کھیلنے سے انکار کیا تھا۔ آئی سی سی نے انکار کرنے والی ٹیموں کے میچز میں حریف ٹیموں کو پوائنٹس دے دیے تھے۔