راشد نسیم نے ایک اور اہم کامیابی حاصل کی، جس میں انہوں نے امریکہ اور برطانیہ کے مشہور مارشل آرٹس ماسٹر کو شکست دے کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
تفصیلات کے مطابق، گنیز ورلڈ ریکارڈز نے راشد نسیم کے تین نئے عالمی ریکارڈز کو تسلیم کیا ہے، جس کے بعد ان کے عالمی ریکارڈز کی تعداد 125 ہوگئی ہے۔ ان نئے ریکارڈز میں انڈا پکڑ کر اخروٹ توڑنے، 60 پاؤنڈ وزن میں جمپنگ جیکس کرنے اور پنچ کے ذریعے بوتل سے کارڈ نکالنے کے ریکارڈ شامل ہیں۔
پاکستان کے سب سے زیادہ عالمی ریکارڈز رکھنے والے کھلاڑی راشد نسیم نے جرمنی کے مشہور مارشل آرٹس ماسٹر محمد کرمنووک کو شکست دی۔ محمد کرمنووک، جو کہ بوسنیا سے تعلق رکھتے ہیں، 300 سے زائد ٹی وی شوز میں اپنی مہارت کا مظاہرہ کر چکے ہیں۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز نے ان ریکارڈز کی تفصیلات اپنی ویب سائٹ پر شائع کر دیں اور راشد نسیم کو سرٹیفکیٹ بھی فراہم کیا۔ راشد نسیم نے اپنے ریکارڈز کو فلسطین کے نام کیا اور کہا کہ وہ گزشتہ 10 سال سے مسلسل محنت کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ اب تک کسی حکومتی ادارے کی طرف سے انہیں کوئی پذیرائی نہیں ملی، مگر وہ اپنے مقصد پر پورا فوکس رکھتے ہوئے آگے بڑھ رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ جلد 200 ریکارڈز مکمل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور مارشل آرٹس کی ہر کیٹیگری میں عالمی ریکارڈ بنانے کا عزم رکھتے ہیں۔
راشد نسیم نے اپنے کیریئر کے دوران بھارت کے 40 سے زائد ریکارڈز توڑے ہیں اور امریکا، جرمنی، انگلینڈ، سوئٹرز لینڈ، ایران، مصر، چین، اٹلی اور بوسنیا میں بھی عالمی ریکارڈ توڑنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ وہ وہ واحد پاکستانی ہیں جنہوں نے اٹلی، جرمنی، کوریا، چین اور سنگاپور کے مشہور ٹی وی شوز میں پاکستان کی نمائندگی کی اور عالمی ریکارڈز قائم کیے۔
راشد نسیم کو دنیا میں سب سے زیادہ پنچز، نیک اسٹریکس، ککس، ننچکو، اسٹک، ایلبو اسٹرائیک اور بریکنگ کیٹیگریز میں عالمی ریکارڈز بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔ ان کی محنت اور لگن نے انہیں دنیا بھر میں ایک معتبر مارشل آرٹس کے ماہر کے طور پر متعارف کرایا ہے۔