پشاور۔خیبرپختونخوا حکومت کے بورڈ آف انوسٹمنٹ نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی جانب سے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی نج کاری کے عمل کا حصہ بننے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم 10 ارب روپے بولی سے زیادہ رقم دے کر قومی ایئرلائن حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
خیبر پختونخوا بورڈ آف انوسٹمنٹ کی جانب سے وفاقی وزارت نجکاری کو خط میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے قومی اثاثہ اور ملکی پہچان ہے اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی جانب سے پی آئی اے کی نجکاری کے عمل کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ ہم کسی ملکی یا غیرملکی نجی ادارے کے پاس یہ قومی سرمایہ نہیں جانے دیں گے، 10 ارب کی بولی سے زیادہ رقم ہم دیتے ہوئے اسے حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
خیبرپختونخوا بورڈ آف انوسٹمنٹ کے خط میں کہا گیا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ قومی ادارے حکومتی تحویل میں ہی رہیں۔