پاکستان میں چین کے سفیرجیانگ زائی ڈونگ نے کہا ہے کہ چینی شہریوں کی سیکیورٹی سی پیک کو آگے بڑھانے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے،اس کے بغیریہ نہیں چل سکتا، 6 ماہ میں 2 مہلک حملے ناقابل قبول ہیں،
حکومت پاکستان کو چین مخالف دہشت گردوں کے خلاف کریک ڈائون کرنا ہوگا۔جب تک محفوظ ماحول فراہم نہیں کیا جاتا یہ پروگرام آگے نہیں بڑھ سکتا۔ منگل کو پاکستان چائنہ انسٹیٹیوٹ کے زیراہتمام “China at 75” سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا انھیں امید ہے کہ پاکستان چینی شہریوں ،اداروں اور منصوبوں کی سیکیورٹی کو مضبوط بنائے گا۔
پاکستان کو ان لوگوں کو سخت سزا دینی چاہیے جو چینی شہریوں پرہونے والے مہلک حملوں میں ملوث ہیں۔چینی سفیرکا کہنا تھا کہ ان کے صدر ژی جن پنگ اپنے شہریوں کی سلامتی کے بارے میں بہت فکرمند ہیں،وہ اپنے لوگوں کی زندگیوں کو باقی ہرچیز پر فوقیت دیتے ہیں۔
جب کبھی بھی ان کی پاکستانی قیادت سے ملاقات ہوئی ہے تو انہوں نے پاکستان میں موجود چینی شہریوں ،اداروں اور پراجیکٹس کی سکیورٹی کے بارے میں بات کی ہے۔