ریاض ۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ فیوچر انوسٹمنٹ انی شی ایٹو سعودی ولی عہد کا ویڑنری منصوبہ ہے، مالی معاملات میں پاکستان کے ساتھ تعاون پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا، پاکستان اور سعودی عرب مل کر ترقی کی منازل طے کریں گے،سمجھوتوں کی ابھی سیاہی بھی خشک نہیں ہوئی اور ان پر کام بھی شروع ہو گیا،یقین ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان سمجھوتوں کی ٹائم لائن پر عمل کریں گے، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی بصیرت افروز قیادت میں ہم مشترکہ اہداف حاصل کریں گے۔
اس موقع پر سعودی وزیر سرمایہ کاری نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لئے ایم او یوز کی تعداد 27 سے بڑھ کر 34 ہو گئی ہے، حالیہ دورہ کے دوران سرمایہ کاری کا حجم 2.2 ارب ڈالر سے بڑھ کر 2.8 ارب ڈالر ہو گیا ہے
سعودی وزیر کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر سرمایہ کاری کے حجم میں 600 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا، دورہ پاکستان کے دوران دونوں مالک کے درمیان 27 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے تھے، سعودی عرب کی جانب سے ایم او یوز پر عمل درآمد کا سلسلہ جاری ہے، پانچ ایم او یوز پر عمل درآمد شروع ہو گیا ہے
سعودی وزیر خالد بن عبد العزیزالفالح نے مزید کا کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ان کے وفد کی میزبانی ہمارے لئے باعث اعزاز ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ولی عہد محمد بن سلمان سے مفید ملاقات ہوئی، سعودی عرب لاکھوں پاکستانیوں کے لئے دوسرا گھر ہے،سعودی عرب میں لاکھوں پاکستانی مقیم ہیں، اپنے حالیہ دورہ پاکستان میں بہترین مہمان نوازی پر ایک بار پھر شکریہ ادا کرتا ہوں،پاکستان اور سعودی عرب اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنا رہے ہیں، سعودی عرب پاکستان میں جدید ہاسپٹل کمپلیکس تعمیر کرے گا