کابل ۔افغانستان کی طالبان حکومت نے تمام ٹیلی ویژن چینلز کو ہدایت دی ہے کہ وہ صرف ریڈیو نشریات پیش کریں۔ ایک حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ ٹی وی چینلز کو جانداروں کی تصاویر اور ویڈیوز نشر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، اس لیے انہیں صرف ریڈیائی نشریات تک محدود کر دیا گیا ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق، افغانستان کے نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی وژن کے ڈائریکٹر جنرل قاری یوسف احمدی نے ٹی وی اور ریڈیو چینلز کے مالکان سے ملاقات کے دوران بتایا کہ طالبان کے امیر ملا ہیبت اللہ اخوند زادہ نے کہا ہے کہ اگر ٹی وی چینلز جانداروں کی تصاویر اور ویڈیوز نشر کریں گے تو ان کی نشریات بند کر دی جائیں گی۔
قندھار میں سرکاری ٹی وی کی نشریات کو ریڈیو میں تبدیل کر دیا گیا ہے، اور ملک کے دیگر چینلز بھی بتدریج ریڈیائی نشریات کی طرف منتقل ہوں گے۔ ایک وزیر نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ یہ فیصلہ صرف سرکاری ٹی وی کے لیے ہے، لیکن اب یہ واضح ہو رہا ہے کہ تمام ٹی وی چینلز اس فیصلے کے تابع ہوں گے۔