واشنگٹن۔امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے تصدیق کی ہے کہ کانگریس کے ارکان کی جانب سے عمران خان کی رہائی کے لیے پاکستان کی حکومت سے بات چیت کے حوالے سے خط موصول ہوا ہے، جس کا ‘مناسب وقت پر’ جواب دیا جائے گا۔
یہ بیان میتھیو ملر نے ایک صحافی کے سوال کے جواب میں معمول کی پریس بریفنگ کے دوران دیا۔ انہوں نے انسانی حقوق کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امریکا ہمیشہ جمہوری روایات کی حمایت کرتا ہے۔
یاد رہے کہ 23 اکتوبر کو کانگریس کے 60 ارکان نے صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ کو ایک خط لکھا تھا، جس میں اڈیالہ جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور دیگر سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
کانگریس کے ارکان نے اپنے خط میں جو بائیڈن حکومت پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں انسانی حقوق اور جمہوریت کے فروغ کے لیے کام کرے۔ انہوں نے پاکستان میں انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا پر کریک ڈاؤن، نیز انتخابات میں مبینہ بے ضابطگیوں کا بھی ذکر کیا۔
اس خط کے ذریعے کانگریس کے اراکین نے صدر جو بائیڈن سے درخواست کی کہ وہ عمران خان کی رہائی کے لیے پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کا استعمال کریں۔