پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شبلی فراز نے کہا ہے کہ جس طرح نواز شریف اور آصف زرداری واپس آئے ہیں، اسی طرح پی ٹی آئی کے بانی بھی واپس آ سکتے ہیں۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے شبلی فراز نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کو جیل سے نکلنا بہت آسان ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیسے نواز شریف اور آصف زرداری واپس آئے، بانی پی ٹی آئی بھی واپس آ سکتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ زخم کی شدت بہت خطرناک ہوتی ہے۔ عوام کو نظر آ رہا ہے کہ یہ ترمیم پی ٹی آئی کا راستہ روکنے کے لیے کی گئی ہے۔
شبلی فراز نے مزید کہا کہ 26 ویں ترمیم کو ہضم نہیں کیا جا سکا، اور اب 27 ویں ترمیم کی بات کی جا رہی ہے۔ عوام کے فائدے کے لیے قانون سازی کرنے کے بجائے عوام کے نقصان کے لیے قوانین بنائے جا رہے ہیں۔ ایک رات ایسی ترمیم پاس کرانے کی کوشش کی گئی جسے کسی سینیٹر نے دیکھا بھی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ آپ کو اس سے وقتی فائدہ تو مل جائے گا، لیکن کل یہ قوانین آپ کے لیے مشکلات پیدا کریں گے۔ ہمارے آئین میں 23 ترامیم کی گئیں، جن میں 56 فیصد عدلیہ سے متعلق ہیں۔ ہمارے ایک ساتھی نے پارٹی کے اقلیتی رکن کو کال کر کے پیسوں کی پیشکش کی، جس پر اس نے کہا کہ میرا مذہب اس کی اجازت نہیں دیتا۔ ہمارے ساتھی نے جواب دیا کہ ہمارا مذہب بھی اجازت نہیں دیتا۔