لاہور: پی سی بی نے محمد رضوان کو ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کا کپتان مقرر کردیا جبکہ سلمان علی آغا نائب کپتان ہوں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ محمد رضوان وائٹ بال ٹیم کے کپتان جبکہ سلمان علی آغا نائب کپتان ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ، سنٹرل کنٹریکٹ لسٹ جاری کر دی گئی ہے، سلیکٹرز نے بڑی محنت کی، بابر اعظم نے خود کہا کہ بیٹنگ میں بہتری کے لئے وہ مزید کپتانی نہیں کرنا چاہتے، بابر اعظم ٹیم کا کپتان نہیں بننا چاہتا، یہ اس کا حق ہے، وہ پاکستان کا اثاثہ ہے، ایسے کھلاڑی بار بار نہیں آتے۔
محسن نقوی نے کہا کہ، سب مینٹور اور سلیکٹرز کی رائے تھی کہ رضوان کو کپتان اور سلمان علی آغا کو نائب کپتان بنایا جائے، ینگ ٹیلنٹ اور ڈومیسٹک کرکڑز کو عزت دینا ہو گی، ڈومیسٹک کرکٹ کی دو سو سے چار سو کرکٹرز کی کھیپ پر ہماری ساری توجہ ہونی چاہیے، جو سپورٹ چاہیے وہ ہم دیں گے۔
چیئرمین پی سی نے کہا کہ، آخری دو ٹیسٹ میں عاقب جاوید سمیت سلیکٹرز اور ٹیم نے بڑی محنت کی، امید ہے کہ آسٹریلیا اور زمبابوے میں بھی ٹیم عمدہ پرفارم کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ،مجھے امید ہے کہ موجودہ کمبی نیشن بہترین رزلٹ دے گا، ٹیم کے تمام گیارہ کھلاڑیوں کو کپتان نہیں بنا سکتے، کسی کھلاڑی کو اجازت نہیں دی جا سکتی اگر سلیکٹرز نہ کھلائیں تو وہ اس کے خلاف ہوجائے۔
اس موقع پر پی سی بی ،سلیکشن کمیٹی کے رکن عاقب جاوید نے کہا کہ پاکستان کا وائٹ بال میں مستقبل روشن ہے، کوئی بھی کرکٹ ہو، وائٹ بال میں فٹنس اولین ترجیح ہونی چاہیے، جس طرح گراؤنڈ اسٹاف نے ملتان اور پنڈی میں محنت کی، نتائج آپ کے سامنے ہیں۔
کپتان محمد رضوان نے ،گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ینگ ٹینلٹ کو عالمی سطح پر لے کر جانا اولین ہدف ہے، ہمارا فوکس لانگ ٹرم پر ہے، کارکردگی میں کوئی کمی نہیں ہو گی، نتائج اللہ پر چھوڑتے ہیں، پورا پاکستان ہمارا گروپ ہے، یہ جانتا ہوں میں اکیلا نہیں بلکہ ٹیم کے سارے 15کھلاڑی میرے کپتان ہیں۔