اسلام آباد۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا سے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی. ملاقات میں سی ڈی اے کی جانب سے حالیہ فیسوں میں اضافے سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا. ملاقات میں متعلقہ سی ڈی اے ممبران نے بھی شرکت کی.
میٹینگ میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے چیئرمین سی ڈی اے کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا بالخصوص اسلام آباد کے صنعتی علاقوں کے لئے ٹریڈ چینج، توسیع اور ٹرانسفر کی فیسوں میں حالیہ اضافے پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سی ڈی اے بزنس کمیونٹی کی تجاویز کا خیر مقدم کرتا ہے تاکہ اسلام آباد میں کاروبار دوست ماحول پیدا کیا جاسکے۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا. انہوں نے شہر کی ترقی میں بزنس کیمونٹی کے اہم کردار کو سہراتے ہوئے کہا کہ وہ مقامی معیشت اور ملازمت کے مواقع پیدا کرنے کے لئے انتہائی اہم ہیں.
چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ حالیہ فیسوں اور چارجز سے حاصل ہونے والی آمدنی مقامی علاقے کی ترقی اور شہریوں کی فلاح و بہبود کے لئے استعمال کی جائے گی.
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اور سی ڈی اے کے نمائندگان پر مشتمل ایک مشترکہ کمیٹی بنانے کی بھی ہدایت کی. یہ کمیٹی اتھارٹی کی جانب سے عائد کردہ ٹریڈ چینج اور دیگر فیسوں کا جائزہ لے گی۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اپنی کمیٹی کے اراکین کو جلد نامزد کریں گے اور کمیٹی اپنی سفارشات ایک ہفتے کے اندر پیش کرے گی.
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بزنس کیمونٹی کے جائز مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے گا اور سی ڈی اے اسلام آباد میں کاروبار کرنے میں آسانی اور کاروبار دوست ماحول پیدا کرنے کے لئے پرعزم ہے.