کراچی: پاکستانی وفد نے فلپائن کے شہر سیبو میں 14 سے 18 اکتوبر تک منعقد ہونے والی 59ویں ایشیاء اور پیسیفک ریجنز کی ڈی جی سی اے کانفرنس میں بھرپور شرکت کی۔ وفد کی قیادت ڈی جی سی اے اے نادر شفیع ڈار نے کی۔
اس کانفرنس کے دوران، پاکستانی وفد نے عالمی ریگولیٹرز کے ساتھ اہم ملاقاتیں کیں، جن میں سنگاپور، یو کے سی اے اے، اور ٹرانسپورٹ کینیڈا کے نمائندے شامل تھے۔ علاوہ ازیں، وفد نے متحدہ عرب امارات جی سی اے اے، ڈی جی سی اے فرانس، فلائٹ سیفٹی فاؤنڈیشن، اور بین الاقوامی فضائی جہاز پائلٹس کے نمائندوں سے بھی بات چیت کی۔
ملاقاتوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے، تربیت اور صلاحیت سازی کے امور پر غور کیا گیا۔ پاکستانی وفد نے ایوی ایشن سیفٹی اور ایئر نیوی گیشن پر تین ڈسکشن پیپرز بھی پیش کیے، جو کانفرنس کے ایجنڈے میں اہمیت رکھتے تھے۔
ڈی جی سی اے اے نادر شفیع ڈار نے کانفرنس میں اہم ایجنڈا آئٹمز پیش کرتے ہوئے میزبانی کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ پاکستان کی اس بھرپور شرکت نے بین الاقوامی ہوا بازی تعاون میں اس کے بڑھتے ہوئے کردار کو اجاگر کیا ہے۔