لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے ایس سی او کانفرنس کی کوریج کے لیے آئے بھارتی صحافیوں کے وفد سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے پاک بھارت کرکٹ اور دونوں ممالک کے تعلقات کی بحالی پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں بھارتی صحافیوں کے وفد نے نواز شریف سے ملاقات کی، اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی موجود تھیں۔ گفتگو کے دوران نواز شریف نے کہا کہ ایس سی او کانفرنس پاکستان اور بھارت کے تعلقات کی اچھی شروعات کر سکتی ہے، اور اگر یہ تعلقات بہتر ہوں تو بہت کچھ ممکن ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کے لیے پاکستان آنا چاہیے، اور اگر بھارتی ٹیم سے پوچھا جائے تو وہ بھی یہ چاہیں گے کہ وہ پاکستان میں کھیلیں۔ نواز شریف نے یہ بھی کہا کہ اگر بھارتی وزیراعظم خود ایس سی او کانفرنس میں شریک ہوتے تو بہتر ہوتا۔
نواز شریف نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دونوں ممالک کا ماضی بہت تلخ رہا ہے، اور اب یہ دیکھنا ہے کہ آگے کیا ہوتا ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھارتی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی بھارتی پنجاب جانا چاہتی ہیں تاکہ دونوں پنجابوں کے درمیان فرق کو دیکھ سکیں، کیونکہ پاکستانی اور بھارتی پنجاب دونوں ایک دوسرے سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔
Sign up