اسلام آباد: شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے کرغزستان، بیلاروس، قازقستان کے وزرائے اعظم اور بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر پاکستان پہنچ گئے۔
کرغزستان کے وزیر اعظم ژاپاروف اکیل بیک آج وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچے، جہاں وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک اور دیگر اعلیٰ سول و فوجی حکام نے نورخان ایئر بیس پر مہمان کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا۔
استقبال کے موقع پر روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے معزز مہمان کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے، جبکہ دونوں رہنماؤں کے درمیان خیر سگالی کے کلمات کا تبادلہ بھی ہوا۔
کرغزستان کے وزیراعظم کے ساتھ ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی موجود ہے، جس میں وزیر معیشت و تجارت، نائب وزیر خارجہ اور ایس سی او کے لیے نائب رابطہ کار شامل ہیں۔ اس موقع پر پاکستان میں کرغزستان کے سفیر اور سفارت خانے کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
اس کے علاوہ، بیلاروس کے وزیراعظم بھی ایس سی او کانفرنس میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ چکے ہیں، جن کا استقبال وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کیا۔ اسی طرح قازقستان کے وزیر اعظم بھی پہنچ گئے، جن کا استقبال وفاقی وزیر علیم خان نے کیا۔