اسلام آباد۔تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نےباقاعدہ طور پر 15اکتوبر کو ہونے والے احتجاج کو موخرکرنے کا اعلان کر دیا ہے ۔رات گئے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے حکومت کی جانب سے باضابطہ رابطہ کیا ہے اور ہمیں یقین دہانی کروائی ہے کہ عمران خان صاحب کی معالج تک رسائی کو بحال کرتے ہوئے کل صبح ڈاکٹرز کو اڈیالہ جیل بھجوایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے حکومت کی طرف سے دی جانے والی یقین دہانی کو کور کمیٹی اور سینئر رہنمائوں کے سامنے رکھا ہے اور انہوں نے حکومتی تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس یقین دہانی پر احتجاج موخرکرنے کی حمایت کی ،بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی ایماء پر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی جانب سے دی جانے والی اس گارنٹی پر پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے اسلام آباد میں کل کے پرامن احتجاج کو مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے پارٹی کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی صحت ہماری اولین ترجیح ہے ،آخر بار تین اکتو بر کو ملاقات ہوئی تھی اس کے بعد آج تک ملاقات عمران خان سے ملاقات نہ ہو سکی ،بیرسٹر گوہرنے کارکنوں کو کہا کہ حکومت نے ہماری درخواست کو منظور کرلیا ہے اس لئے ہم نے 15 اکتوبر کے احتجاج کو موخر کر دیا ہے ۔