کراچی: پاکستان سے لبنان کے لیے پہلی امدادی کھیپ روانہ کردی گئی ہے۔ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق، چارٹرڈ طیارے کے ذریعے 3 ٹن ادویات اور دیگر ضروری اشیا لبنان بھیجی گئیں۔ اس امدادی پیکج کی تیاری میں این ڈی ایم اے، پاک فوج اور الخدمت فاؤنڈیشن نے بھرپور تعاون کیا۔کراچی کے جناح بین الاقوامی ہوائی اڈے پر امدادی سامان کی روانگی کے وقت این ڈی ایم اے، وزارت خارجہ، مسلح افواج اور الخدمت فاؤنڈیشن کے نمائندے موجود تھے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے انسانی بنیادوں پر لبنان میں جنگ کے متاثرین کے لیے امداد فراہم کرنے کی ہدایت دی تھی۔اس سے قبل، وزیراعظم کی ہدایت پر 9 اکتوبر 2024 کو این ڈی ایم اے نے لبنان میں پھنسے 79 پاکستانیوں کے لیے ایک خصوصی پرواز کا اہتمام کیا تھا، جو انہیں وطن واپس لائی۔ امدادی سامان اسی چارٹرڈ طیارے کے ذریعے روانہ کیا گیا۔