اسلام آباد ۔پاکستان تحریک انصاف کے 24 نومبرکو احتجاج کے پیش نظر وفاقی حکومت نے امن و امان کی صورتحال کو بہتر انداز سے ہینڈل کرنے کے لیے اسلام آباد میں رینجرز اور اضافی ایف سی تعینات کرنےکی تیاریاں شروع کردیں۔
ذرائع نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے پی ٹی آئی کے احتجاج کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کرنے کا فیصلہ کرلیاہے، اسلام آباد پولیس نے رینجرز اور ایف سی کے 9 ہزار اہلکاروں کی خدمات طلب کر لیں۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ نے رینجرز اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کی تعیناتی کے لیے اقدامات شروع کر دیئے، اس سلسلے میں وزارت داخلہ نے متعلقہ اداروں سے رجوع کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔ مزید بتایا کہ اسلا آباد پولیس نے پاک رینجرز کے 5 ہزار اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے 4 ہزار اضافی اہلکاروں کی تعیناتی کی درخواست کی ہے۔
آئی جی اسلام آباد پولیس نے خط لکھ کر رینجرز اور اضافی ایف سی کی تعیناتی کی سفارش کی ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ امن و امان کی صورتحال کوبہتر انداز سےہینڈل کرنےکے لیے رینجرز اورایف سی کی خدمات مانگی گئی ہیں۔