اسلام آباد: مجوزہ آئینی ترامیم کے مسودے کو منظر عام پر لانے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے۔سابق سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر کی طرف سے دائر کی گئی اس درخواست میں آئینی ترمیم کے مسودے کو عوام کے سامنے پیش کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 18 ویں آئینی ترمیم کے دوران بھی عوامی رائے لی گئی تھی، لہذا موجودہ ترامیم کے معاملے میں بھی عوام کو رائے دینے کا حق ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایک دن میں آئینی ترمیم پاس کرانا جمہوری اور پارلیمانی اصولوں کے خلاف ہے۔مزید یہ کہ درخواست گزار نے نشاندہی کی کہ قومی اسمبلی کے قوانین بھی کسی مجوزہ قانون سازی کی اشاعت کو آفیشل گزٹ میں ضروری قرار دیتے ہیں۔ انہوں نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ عوام کو اس آئینی ترمیم پر رائے دینے کے لیے کم از کم 8 ہفتے کا وقت دیا جائے۔