پیرس۔فرانس کی حکومت نے القاعدہ کے بانی اسامہ بن لادن کے بیٹے عمر بن لادن کی ملک بدری کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانسیسی وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عمر بن لادن کو ملک سے نکال دیا گیا ہے اور ان پر تاحکم ثانی فرانس میں داخل ہونے کی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔وزیر داخلہ نے یہ وضاحت نہیں کی کہ عمر بن لادن کو فرانس سے کس ملک بھیجا گیا ہے، اور نہ ہی سرکاری اعلامیے میں ملک بدری کی کوئی واضح وجہ بیان کی گئی ہے۔تاہم مقامی خبر رساں ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ عمر بن لادن نے اپنے والد کی سالگرہ کے موقع پر سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کی تھی، جس پر فرانسیسی حکام نے توجہ دی۔عمر بن لادن کی اہلیہ برطانوی نژاد ہیں، اور وہ برسوں سے نارمنڈی کے ایک گاؤں میں مقیم ہیں، جہاں وہ بطور مصور قدرتی مناظر کی تصویر کشی کرتے رہے ہیں۔