غزہ۔غزہ میں اسرائیلی فوج کے وحشیانہ تشدد نے ایک بزرگ شہری کی جان لے لی، جن کی شہادت سے کچھ دیر قبل کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر پھیل گئی۔عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق غزہ کے رہائشی 66 سالہ زیاد ابو حلیل ایک بہادر فلسطینی تھے جو اسرائیلی فوج کے سامنے ڈھال بن کر پُرامن احتجاج کرنے والوں کی حفاظت کیا کرتے تھے۔فلسطین کی وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا کہ بزرگ شہری زیاد ابو حلیل کے گھر پر اسرائیلی فوجیوں نے چھاپہ مارا اور انتہائی ظلم و تشدد کیا، جس کی وجہ سے ان کی موت واقع ہوئی۔بزرگ شہری کی شہادت سے پہلے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں انھیں اسرائیلی فوجیوں کو گولہ باری اور فائرنگ سے روکتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے اپنی روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ زیاد ابو حلیل کی ہلاکت کے بارے میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران کوئی معلومات نہیں تھیں۔ اس بارے میں تحقیقات کی جائیں گی۔