کابل۔افغانستان کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار میلان کونکرسی (9 ایم 135) گائیڈڈ میزائل فعال کر دیے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، افغان وزارت دفاع کے ترجمان عنایت اللہ خوارزمی کا کہنا ہے کہ یہ گائیڈڈ میزائل آرمرڈ ٹینکس، جنگی جہازوں اور نیچی پرواز کرنے والے ہیلی کاپٹرز کو ہدف بنا سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ان میزائلوں کو چلانے کی مہارت حاصل کرنے کے لیے 13 افراد نے خصوصی تربیت مکمل کی ہے۔ وزارت قومی دفاع کے جنرل اسٹاف کے تحت آرٹیلری ڈائریکٹوریٹ میں ان گائیڈڈ میزائلوں کے لیے تربیتی کورس کا انعقاد کیا گیا، جس میں 13 نوجوانوں نے ایک ماہ کے اندر عملی اور پیشہ ورانہ تربیت حاصل کی۔
ترجمان نے کہا کہ یہ گائیڈڈ میزائل پہلی بار استعمال کے لیے تیار کیے گئے ہیں اور آرمرڈ ٹینکس کے ساتھ ساتھ نیچی پرواز کرنے والے ہیلی کاپٹرز کے خلاف استعمال کیے جا سکتے ہیں۔
اس سے قبل، وزارت خارجہ کے نائب وزیر برائے سیاسی امور نے کابل میں ایک تقریب کے دوران امارت اسلامی کی فوج کو جدید ہتھیاروں سے آراستہ کرنے کی اہمیت پر زور دیا تھا۔
وزارت دفاع نے یہ بھی اعلان کیا تھا کہ ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جینس اور وزارت داخلہ کے تعاون سے اگلے سال کے لیے ایک جامع سیکیورٹی پلان تیار کیا گیا ہے، تاکہ ملک بھر میں عوام کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔