اسلام آباد ۔وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ معاشی استحکام کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کے نتائج ملنا شروع ہو گئے ہیں۔ایک پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کی بدولت مہنگائی میں کمی آئی ہے، پالیسی ریٹ میں بھی کمی ہوئی ہے اور مزید کمی متوقع ہے۔
محمد اورنگزیب نے مزید بتایا کہ سٹیٹ بینک نے 2025 تک مہنگائی کی شرح 5 یا 6 فیصد تک کم ہونے کا تخمینہ لگایا تھا، لیکن فی الحال یہ شرح 6.9 فیصد پر آ گئی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں مہنگائی میں مزید کمی آئے گی، اور جب سٹیٹ بینک اور مانیٹری پالیسی کمیٹی کے اجلاس ہوں گے تو پالیسی ریٹ بتدریج کم ہوگا۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ حکومت نے پچھلے دو تین ہفتوں میں درآمدات میں کمی کی ہے تاکہ قیمتوں میں کمی ہو سکے، جس کے نتیجے میں شرح سود میں بھی کمی آئی ہے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب ہمیں احتجاج کے باعث شہر اور دکانیں بند کرنا پڑتا ہے تو اس کے سنگین نتائج سامنے آتے ہیں، اور انسانی جانوں کا نقصان بھی ہوتا ہے۔
محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ ان مظاہروں سے ملک کی معیشت متاثر ہوتی ہے، اور ہمارے اکنامک ونگ کے مطابق یہ مظاہرے ہماری معیشت کو ناقابل برداشت نقصان پہنچاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم بڑی محنت سے ملک میں معاشی استحکام لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
آخر میں، انہوں نے کہا کہ اگر یہ مظاہرے عوام اور ملک کے لئے کیے جا رہے ہیں تو لوگوں کو سوچنا چاہیے کہ یہ ہماری معیشت پر کیا اثر ڈال رہے ہیں۔