اسلام آباد: وفاقی حکومت کے قرضوں کا تمام ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے، اور مرکزی حکومت کا قرض ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 70 ہزار 362 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اگست 2024ء تک کے وفاقی حکومت کے قرضوں کا ڈیٹا جاری کیا ہے، جس کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں وفاقی حکومت کا قرضہ 1448 ارب روپے بڑھا۔ صرف اگست کے ایک مہینے میں مرکزی حکومت کے قرضے میں 739 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔
دستاویزات کے مطابق، ستمبر 2023ء سے اگست 2024ء کے ایک سال میں وفاقی حکومت کا قرضہ 6 ہزار 392 ارب روپے تک بڑھ گیا۔ اگست 2024ء تک وفاقی حکومت کے قرضوں کا حجم 70 ہزار 362 ارب روپے رہا، جس میں مقامی قرضہ 48 ہزار 339 ارب روپے جبکہ بیرونی قرضہ 22 ہزار 23 ارب روپے تھا۔