غزہ: القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ طویل عرصہ بعد منظر عام پر آگئے اور اسرائیل کیلئے سخت پیغام جاری کر دیا ۔ابو عبیدہ نے کہا ہے کہ ہم نے ایک طویل لڑائی کا انتخاب کیا ہے جو دشمن کے لیے مشکل اور مہنگی ثابت ہوگی۔
اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے عسکری شعبے القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے طوفان الاقصیٰ کی پہلی سالگرہ پر الجزیرہ پر نشر ہونے والے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ہم نے طوفان الاقصیٰ اس وقت شروع کیا جب مسجد اقصیٰ کی حفاظت ایک خطرناک مرحلے میں پہنچ گئی تھی۔
ابو عبیدہ نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں بڑے پیمانے پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا، مگر طوفان الاقصیٰ کے ذریعے ہم نے پہلے ہی ان پر حملہ کر دیا، یہ جدید دور کا سب سے کامیاب کمانڈو آپریشن تھا جس میں دشمن کو ذلت آمیز شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ابو عبیدہ نے حزب اللہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آپ کی استقامت اور بہادری پر یقین ہے کہ آپ صہیونی دشمن کو بھاری نقصان پہنچانے میں کامیاب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں موجود اسرائیلی یرغمالیوں کو طویل مدت تک قید رکھا جا سکتا ہے اور ان کی قسمت اسرائیلی حکومت کے اقدامات سے جڑی ہوئی ہے، غزہ میں جنگ جتنی طویل ہوگی، یرغمالیوں کے لیے اتنا ہی زیادہ خطرہ ہوگا۔ترجمان نے مزید کہا کہ 7 اکتوبر کا حملہ مسجد اقصیٰ کے احاطے میں اسرائیلی مبینہ خلاف ورزیوں، بستیوں کی توسیع، فلسطینی سکیورٹی قیدیوں کے ساتھ بدسلوکی اور غزہ کی پٹی کی ناکہ بندی کا جواب تھا۔