اسلام آباد: کیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے وفاقی دارالحکومت میں خیبرپختونخوا ہاؤس کو سیل کر دیا ہے ۔سی ڈی اے کے ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا ہاؤس کے متعدد بلاک بند کیے گئے ہیں۔ یہ ہاؤس بلڈنگ کے قواعد کی خلاف ورزی کی بنا پر سربمہر کیا جا رہا ہے۔
خصوصی مجسٹریٹ سردار محمد آصف ہاؤس کو بند کر رہے ہیں جبکہ اسسٹنٹ کمشنر عبداللہ بھی سی ڈی اے کی ٹیم کے ساتھ موجود ہیں۔تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈاپور جمعے کو خیبرپختونخوا سے ایک قافلے کے ساتھ اسلام آباد کی طرف روانہ ہوئے اور حکومتی رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے ہفتے کو مشکل سے اسلام آباد پہنچے، جہاں وہ خیبرپختونخوا ہاؤس میں گئے اور وہاں غائب ہوگئے۔کے پی حکومت اور پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا کہ علی امین کو گرفتار کر لیا گیا ہے، تاہم حکومت نے اس کی تردید کی۔ چوبیس گھنٹوں بعد لاپتہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور اچانک خیبرپختونخوا اسمبلی میں نظر آئے۔