لندن ۔سابق برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے 2021 میں برطانیہ کے دورے کے دوران ایک برطانوی طیارہ بردار بحری جہاز پر سوار ہونے سے انکار کر دیا تھا اور اس کی وجہ بھی بیان کی۔برطانوی اخبار ٹیلی گراف کے مطابق جانسن نے کارن وال میں جی سیون سربراہی اجلاس سے قبل بائیڈن کے ساتھ اپنی ملاقات کے بارے میں بتایا۔ جانسن کی کتاب “Unleashed” کے ایک اقتباس میں یہ ذکر کیا گیا ہے کہ جب 78 سالہ جو بائیڈن نے بحری جہاز پر سوار ہونے سے انکار کیا تو جانسن اور ان کے معاونین حیران رہ گئے۔
کتاب میں کہا گیا ہے کہ بائیڈن کے عملے نے بتایا کہ وہ متعدد وجوہات کی بنا پر طیارہ بردار بحری جہاز پر نہیں جائیں گے، جس نے ان کی فٹنس پر سوالات اٹھائے۔ تاہم، جانسن نے ایک اور پہلو بھی بیان کیا، کہ بائیڈن میری اہلیہ کیری جانسن سے متاثر نظر آئے تھے، جو اس وقت 33 برس کی تھیں۔بورس جانسن کے مطابق، جو بائیڈن اپنی اہلیہ جل بائیڈن کے ساتھ سربراہی اجلاس میں شریک ہوئے۔ انہوں نے مذاق میں کہا کہ وہ اور کیری ساحل سمندر پر اکیلے چہل قدمی کر سکتے ہیں۔جانسن کی کتاب میں بیان کیا گیا ہے کہ بائیڈن نےمیری اہلیہ کیری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیوں نہ آپ اور میں ساحل سمندر پر چلیں اور اس آدمی کو یہاں چھوڑ دیں؟ اس وقت بائیڈن کی اہلیہ جل بائیڈن کی آنکھوں میں حیرت کے آثار دکھائی دیئے۔