تہران: ایران نے ملک کے تمام ہوائی اڈوں پر اچانک پیر کی صبح تک تمام پروازیں منسوخ کر دیں۔رائٹرز کے مطابق ایران کی سول ایوی ایشن تنظیم کے ترجمان نے سرکاری نیوز ایجنسی کو یہ تصدیق کی ہے کہ اتوار کی رات سے پیر کی صبح تک ملک کے تمام ہوائی اڈوں پر پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔
پاکستانی وقت کے مطابق اتوار کی رات ساڑھے 10 بجے سے پیر کی صبح 6:30 بجے تک پروازیں معطل رہیں گی۔سرکاری میڈیا نے مزید تفصیلات فراہم کیے بغیر ترجمان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آپریشنل پابندیوں کی وجہ سے پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔
ایران کی طرف سے یہ اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب اسرائیلی فوجی اڈوں پر بیلسٹک میزائل حملوں کے جواب میں اسرائیل نے جوابی حملوں کی دھمکی دی ہے۔قبل ازیں ایران کے وزیر تیل محسن پاکنزاد نے آج کھرگ میں ملک کی سب سے بڑی تیل کی تنصیبات کا دورہ کیا اور وہاں کی سیکورٹی کے حوالے سے پاسداران انقلاب کے اعلیٰ فوجی کمانڈر سے ملاقات کی۔