پشاور ۔خیبرپختونخوا اسمبلی نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی گمشدگی سے متعلق قرارداد منظور کر لی۔اسپیکر بابر سلیم سواتی کی زیرصدارت خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس ہوا، جہاں صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم نے گمشدگی کی قرارداد ایوان میں پیش کی۔قرارداد میں کہا گیا کہ وفاقی وزیرداخلہ اور گورنر خیبرپختونخوا کو صوبائی حکومت کو بروقت آگاہ کرنا چاہیے تھا۔ اسپیکر نے انٹیلی جنس اداروں اور متعلقہ محکموں سے رپورٹ طلب کرنے کی ہدایت کی اور قانونی اقدامات کے بعد ایوان کو اعتماد میں لینے کا کہا۔اسپیکر بابر سلیم سواتی نے قرارداد کے مطابق آئی جی، چیف سیکرٹری اور پرنسپل سیکرٹری ٹوسی ایم کو کل طلب کر لیا ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز سے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی گرفتاری کی متضاد اطلاعات سامنے آ رہی تھیں، جبکہ آج وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ کسی ادارے نے وزیر اعلیٰ کو گرفتار نہیں کیا، اور ان کی کے پی ہاؤس سے فرار کی ویڈیو بھی موجود ہے۔