اسلام آباد۔حکومتی وفد ایک مرتبہ پھر جمیعت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر پہنچ گیا ہے۔ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کی قیادت میں وفد نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی۔وفد میں خواجہ سعد رفیق، نئیر بخاری، نوید قمر اور شیری رحمان شامل تھے، جبکہ جے یو آئی کے عبدالغفور حیدری، مولانا صلاح الدین ایوبی اور اسلم غوری بھی ملاقات میں موجود تھے۔اس ملاقات میں ملکی سیاسی حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور مولانا فضل الرحمان کو کل ہونے والی فلسطین کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی گئی۔
حکومتی وفد نے مولانا فضل الرحمان کو آئینی ترامیم کے پیکج پر قائل کرنے کی کوشش کی تاکہ ان کی حمایت حاصل کی جا سکے۔یاد رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ چھبیسویں مجوزہ آئینی ترامیم کا بل شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس کے بعد پیش کیا جائے۔دوسری جانب، حکومت آرٹیکل 63 اے نظرثانی کیس میں عدالتی فیصلے کے بعد فوری آئینی ترامیم لانے پر پختہ نظر آتی ہے، اور آئندہ ہفتے دونوں ایوانوں کے اجلاس بلانے کا امکان ہے۔
ملاقات کے بعد نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم مولانا فضل الرحمان کو کل کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دینے آئے تھے۔ کل ایوان صدر میں صدر اور وزیراعظم کی مشترکہ میزبانی میں یوم غزہ پر ایک اہم اجلاس ہوگا، جس میں مولانا فضل الرحمان بھی شرکت کریں گے۔