سرگودھا ۔یونیورسٹی آف سرگودھا ایک بار پھر علمی سرگرمیوں کا مرکز بننے جا رہی ہے، جہاں 22 اکتوبر کو ساتویں بین الاقوامی اپلائیڈ زوالوجی کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ اس دو روزہ کانفرنس کا اہتمام اپلائیڈ زوالوجیکل سوسائٹی آف پاکستان کی نگرانی میں کیا جائے گا، جس میں دنیا بھر سے محققین، سائنسدان اور ریسرچرز بھرپور شرکت کریں گے۔
کانفرنس کے آرگنائزنگ سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر اظہر رسول نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ یہ کانفرنس زوالوجی کے مختلف شعبوں میں جدید تحقیق اور سائنسی پیشرفت کو اجاگر کرنے کا ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ کانفرنس کی سرپرستی اپلائیڈ زوالوجیکل سوسائٹی آف پاکستان کے چیئرمین، پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی (ستارہ امتیاز، تمغہ امتیاز) اور یونیورسٹی آف سرگودھا کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کریں گے۔
کانفرنس میں 300 سے زائد تحقیقی مقالے پیش کیے جائیں گے، اور شرکت کے لیے اب تک 1500 سے زائد افراد نے اپنی رجسٹریشن کروا لی ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر اظہر رسول کے مطابق، یہ کانفرنس ملکی اور بین الاقوامی محققین کے لیے ایک منفرد موقع فراہم کرے گی جہاں وہ اپنے تجربات اور تحقیقی نتائج کا تبادلہ کر سکیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس کانفرنس کا مقصد اپلائیڈ زوالوجی کے میدان میں جدید تحقیق کو فروغ دینا اور اس کے عملی اطلاقات کو سامنے لانا ہے، جو کہ حیاتیاتی سائنسز کے میدان میں پاکستان کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ یہ کانفرنس علمی ترقی کے نئے افق کھولنے کے ساتھ ساتھ زوالوجی کے مختلف پہلوؤں میں نئے خیالات اور تجربات کو متعارف کرانے میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گی۔