اسلام آباد: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے عمران خان کی بہنوں کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔عدالت میں بانی پی ٹی آئی کی بہنوں سمیت 105 کارکنوں کے خلاف تھانہ کوہسار میں دہشتگردی کے الزامات کے تحت مقدمے کی سماعت ہوئی۔علیمہ خان، عظمیٰ خان، اور اسد قیصر کے بھائی عدنان خان کو ڈیوٹی جج اظہر ندیم کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ پولیس نے ملزمان کے 20 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست دی، جبکہ دیگر 9 خواتین کارکنوں کو جوڈیشل ریمانڈ پر بھیجنے کی استدعا کی گئی۔عدالت نے علیمہ خان، عظمیٰ خان اور عدنان کے ساتھ پی ٹی آئی کے کارکنوں کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا، جبکہ 9 خواتین کارکنوں کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔یہ بات بھی واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی کی دونوں بہنوں کو ڈی چوک سے گرفتار کیا گیا تھا۔