راولپنڈی پولیس نے گرجا گھروں کی سیکیورٹی کے لیے مؤثر انتظامات کیے ہیں۔ اس ضمن میں 400 سے زائد پولیس افسران سیکیورٹی کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ تھانوں کی موبائلز، ایلیٹ فورس اور ڈولفن ٹیمیں علاقے میں گشت کر رہی ہیں، جبکہ گرجا گھروں میں مکمل باڈی سرچنگ کے بعد داخلے کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
سی پی او سید خالد ہمدانی نے ڈیوٹی پر تعینات افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ الرٹ رہیں اور ارد گرد کے ماحول اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ عبادت کے لیے آنے والے افراد کی سیکیورٹی کو یقینی بناتے ہوئے ان سے خوش اخلاقی سے پیش آنا چاہیے۔
سی پی او نے مزید کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے راولپنڈی پولیس ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔